سستی بجلی کی ترسیل میں ناکامی؛ عوام بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور

تکنیکی تعطل کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کے لیے مجبورا مہنگی آر ایل این جی اور درآمدی کوئلے کا سہارا لیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک November 05, 2026

نیشنل گرڈ کمپنی کی ترسیلی نظام میں مسلسل ناکامی نے پاکستان میں بجلی کے نرخوں کو ناقابل برداشت حد تک بڑھا دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اور جنوبی پاکستان میں پیدا ہونے والی سستی بجلی کے بڑے مراکز تک ترسیل میں رکاوٹیں ہیں۔ نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کا انفرا اسٹرکچر کمزور ہونے کے باعث مقامی سطح پر پیدا ہونے والی وافر بجلی کو قومی گرڈ میں شامل کر کے صارفین تک پہنچانا مشکل ہو چکا ہے۔

اس تکنیکی تعطل کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کے لیے مجبورا مہنگی آر ایل این جی اور درآمدی کوئلے کا سہارا لیا جا رہا ہے اور اس کے نتیجے میں تھر کے کوئلے، جوہری توانائی اور ونڈ پاور سے حاصل ہونے والی سستی بجلی کا بڑا حصہ ضائع ہو رہا ہے۔

اس ناکامی کی وجہ سے  توانائی کا بحران مزید گہرا ہو گیا ہے اور عوام بھاری قیمت کے عوض بجلی خریدنے پر مجبور ہیں۔