صوفی آباد وقف جائیداد اسکینڈل میں سابق سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سمیت 10 افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کا حکم دے دیا گیا جب کہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے محکمہ اوقاف کے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی انکوائری آفیسر مقرر کردیا گیا۔
سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ وسیم عباس، سابق زونل ایڈمنسٹریٹر ایم اشفاق دیال سمیت دیگر افسران بھی نامزد کردیے گئے، تمام نامزد افسران کو 7 روز میں تحریری دفاع جمع کرانے کی ہدایت کی، انکوائری آفیسر 60 روز میں جامع رپورٹ اور سفارشات مجاز اتھارٹی کو پیش کریں گے۔
پندرہ (15) کنال 15, مرلے وقف اراضی کی مبینہ غیر قانونی نیلامی اور تجارتی استعمال میں تبدیلی کے معاملے میں مقررہ پالیسی کے برعکس اضافی 15 مرلے اراضی کی نیلامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات سامنے آئے۔
مارکی کو نئی نیلامی کے بغیر پٹرول پمپ اور فاسٹ فوڈ پوائنٹ میں تبدیل کرنے کا الزام لگایا، قانونی لیز معاہدے کے بغیر قبضہ منتقلی اور کرائے میں سالانہ 10 فیصد اضافے کی شرط ختم کرنے کی بھی تحقیقات ہوں گی۔