وفاق نے ہمیں 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا

وزیراعظم کے ساتھ ملکر صوبے کے مسائل کے حل کررہے ہیں، کنڈی


شاہد حمید November 06, 2026

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبے کو 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا ہے جس پر ہم اُن کے مشکور ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم وفاق کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں 160 ارب روپے کا پیکچ دیا ہے، وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر چیزوں کو حل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کا مقدمہ لڑنے کیلیے ہم نے پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ آواز اٹھائی جبکہ وفاق کو پیکج کے حوالے سے جو سفارش بھیجی گئی تھی اُس پر چیئرمین پی ٹی آئی اور جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کے دستخط بھی تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق کے سامنے صوبے کا مقدمہ نہ صرف رکھ رہے ہیں بلکہ اس کو لڑ کر حل کروا بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کنال پر بھی بات ہو گئی ہے، جلد شروع کیا جائے گا مگر پہلے دہشت گردی کی روک تھام اور پھر ترقیاتی کام ہمارے پلان میں شامل ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انڈر پاس کے کام کا معائنہ کرنے آیا تھا، دسمبر کے پہلے ہفتے میں انڈرپاس کا کام مکمل کرنے کی کوشش کریں گے اور اس کی تعمیر سے رنگ روڈ انڈر پاس سے ٹریفک کے مسائل میں بہتری آئے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور کے مختلف علاقوں یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر سڑکوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کام کی رفتار تیز کیا جائے، نادرن بائی پاس کو بھی جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

گورنر کے پی نے انسداد تجاوزات آپریشن پر کہا کہ اگر ڈی آئی خان میرا فارم ہاوس تجاویزات پر قائم ہے تو انتظامیہ کو اسکو گرانے کی اجازات دیتا ہوں، عوام سے اپیل کرتا ہوں جس کے تجاوزات ہیں خود ہٹا دیں۔

انہوں نے کہا کہ نادار اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے قتل کا واقعہ افسوس ناک ہے، ایم این اے نور عالم کے بھانجے اس واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔