اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کی گئی 61 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون لاپتا

خاتون کو امریکا جانے سے روک دیا گیا، ایئرپورٹ سے باہر بھی نہیں آئیں، کوئی چارج بھی نہیں ہے لاپتا ہیں، درخواست


فیاض محمود November 06, 2026

اسلام آباد:

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے آف لوڈ کی گئی 61 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون کو لاپتا کیے جانے پر ایف آئی اے اور پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے ایئرپورٹ سے لاپتا پاکستانی نژاد امریکی شہری فرحانہ رفیق کی بازیابی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار بیرسٹر محمد علی عباس راجا نے عدالت کو بتایا خاتون اسلام آباد میں تنہا رہائش پذیر تھیں، ان کے شوہر اور دیگر اہل خانہ بیرون ملک مقیم ہیں، خاتون کو 5 نومبر 2026ء کو ترک ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 711 کے ذریعے اسلام آباد سے براستہ استنبول واشنگٹن ڈی سی پہنچنا تھا، وہ 5 نومبر کو رات تقریباً 3 بجے ایئرپورٹ پہنچیں تو امیگریشن کاؤنٹر پر انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا تاہم سفر سے روکنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، نہ کوئی حکم نامہ یا قانونی دستاویز دکھائی گئی۔

درخواست گزار کے مطابق خاتون کو نہیں بتایا گیا کہ ان کا نام کسی سفری پابندی کی فہرست میں شامل ہے یا ان کے خلاف کوئی مقدمہ زیر التوا ہے، خاتون کی پرواز روانہ ہوگئی لیکن حکام نے انہیں ایئرپورٹ سے باہر جانے یا گھر واپس آنے کی اجازت بھی نہیں دی، خاتون کو وارنٹ گرفتاری دکھایا نہ ہی گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ کیا نہ ہی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، 5 نومبر کو صبح 11 بجے کے بعد سے خاتون کا موبائل فون بند ہے اور ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا خدشہ ہے کہ خاتون کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کرکے غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے، ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ امیگریشن حکام نے سفری پابندی کے باعث خاتون کو آف لوڈ کیا تھا آف لوڈ کرنے کے بعد خاتون کو واپس بھیجا گیا، کدھر گئیں کوئی علم نہیں ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پولیس انکوائری کرے اور رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔۔