دوحہ: قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات ختم کرانے اور خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے اس کی ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔
قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے مذاکرات میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے معاہدے تک پہنچنے کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق قطری وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور سفارتی کوششوں کے ذریعے صورت حال کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ وسط مدتی انتخابات کے بعد بھی مسئلے کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے آمادہ ہے۔ ان کے مطابق انتخابات کے باوجود واشنگٹن کی معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی تبدیل نہیں ہوئی۔
قطری وزیراعظم نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ سمجھوتے کے لیے اب تک نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کسی تصفیے تک پہنچ سکتے ہیں۔
قطر طویل عرصے سے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ حالیہ کوششوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنا اور خطے کو کسی بڑے تصادم سے بچانا ہے۔
تاہم قطری وزیراعظم کے بیان میں مجوزہ معاہدے کی تفصیلات، اس کے ممکنہ نکات یا کسی حتمی اتفاقِ رائے کے لیے وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔