گلشنِ معمار میں فائرنگ سے قتل ہونے والے ڈاکٹر آغا محمد کاشف الدین کے قتل کا مقدمہ ان کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گلشنِ معمار تھانے میں مقدمہ نمبر 536/2026 دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقتول کی اہلیہ سندس احسن نے ایف آئی آر میں بتایا کہ ان کے شوہر گزشتہ 20 سال سے گلشنِ معمار سیکٹر 2-X میں آغا میڈیکل سینٹر کے نام سے کلینک چلا رہے تھے۔
ان کے مطابق 6 نومبر کی رات تقریباً 9 بج کر 10 منٹ پر ایک نامعلوم شخص کلینک میں داخل ہوا اور ڈاکٹر سے تصدیق کی کہ آیا یہ ڈاکٹر کاشف کا کلینک ہے۔
ڈاکٹر کے جواب دینے پر ملزم نے اچانک اسلحہ نکال کر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
زخمی ڈاکٹر کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔ ڈاکٹر کو پیشانی کے قریب گولی لگی تھی۔
ایس ایچ او گلشنِ معمار محمد علی نیازی کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ملزم نے فائرنگ سے قبل ڈاکٹر پر اپنی والدہ اور بہن کا غلط علاج کرنے کا الزام لگایا تھا۔ تاہم پولیس نے واضح کیا کہ اس اطلاع سمیت قتل کے تمام ممکنہ محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔