نئے صوبے: خواجہ آصف کی صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات تقسیم کرنے کی تجویز

شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامی اختیارات کی تقسیم ضروری ہے، وزیر دفاع


ویب ڈیسک November 09, 2026

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجویز گزشتہ 2 ماہ سے زیر بحث ہے اور میرے خیال میں ملک میں انتظامی یونٹس تشکیل دیے جانے چاہییں، کیونکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی انتظامی ضروریات کے تحت ایسا نظام رائج ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے، تاہم ان کی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو بنیاد نہیں بنانا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے، اس لیے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامی اختیارات کی تقسیم ضروری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے، جنہیں تقسیم کرکے ان کی تعداد 30 سے 32 تک پہنچا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں مرتکز اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہییں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طاقت کا ارتکاز ختم ہوسکے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے منتقل کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل ہدف بلدیاتی ادارے ہوتے ہیں، جو صوبائی حکومتوں کے اختیار اور ان کی مرضی کے تابع ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اس بنیادی حقیقت پر غور کرنا چاہیے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، لیکن سیاستدانوں کا عمومی نقطہ نظر یہ ہے کہ وہ تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنا چاہتے ہیں۔