کراچی:
ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی نے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جن سے 6 لاکھ پاکستانی روپے، 10 ہزار اماراتی درہم اور 16 ہزار 500 سعودی ریال، اہم دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کرلیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کمرشل بینکس سرکل کراچی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر لیاری کے علاقے موسیٰ لین، ہنگورہ محلہ میں واقع عرب ٹاور کی گراؤنڈ فلور پر قائم ایچ ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل اسکلز کے دفتر پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران یاسر ولد عبدالغنی اور عبدالغنی ولد عبدالرزاق نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 لاکھ پاکستانی روپے، 10 ہزار اماراتی درہم اور 16 ہزار 500 سعودی ریال برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ مختلف چیک بکس، تین موبائل فونز اور ہنڈی حوالہ کی مبینہ غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں سے متعلق ڈیجیٹل شواہد پر مشتمل ایک لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کمرشل بینکس سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام نے غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ کارندوں اور ان کے روابط کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔