کورنگی ڈیڑھ نمبر زمان پارک کے قریب سے 4 بچوں کے باپ کی تشدد زدہ لاش ملی

 مقتول کے سر ، آنکھوں اور جسم کے مختلف حصوں پربہیمانہ تشدد کیا گیا تھا


ویب ڈیسک November 17, 2026

کورنگی ڈیڑھ نمبر زمان پارک کے قریب سے 4 بچوں کے باپ کی تشدد زدہ لاش ملی ہے.

مقتول کا آبائی تعلق گلگت  ڈسٹرکٹ استور سے تھا ، مقتول کو پیر کی شب 10 بجے فون کر کے گھر سے بلایا گیا تھا.

تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی ڈیڑھ نمبر نورانی بستی سیکٹر 38 بی زمان پارک کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی .

مقتول کے کزن مقصود اور دیگر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول 4 بچوں کا باپ تھا ، مقتول اپنے بیوی بچوں ، والد اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ رہائش پزیر تھا ، آبائی تعلق گلگت ڈسٹرکٹ استور گاؤں ڈشکن سے تھا جبکہ وہ گارمنٹ فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور گھر کا واحد کفیل تھا.

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں رات 8 بجلی بجلی جاتی ہے اور 10 بجے آتی ہے ، مقتول کی اہلیہ نے کزن کو فون کر کے بتایا کہ لائٹ آنے کے بعد ساجد کو کسی کا فون آیا تھا جس پر وہ گھر سے گیا اور دیر رات تک نہ آیا تو تشویش ہوئی جس پر اہلیہ نے کزن کو فون کر کے بتایا.

کزن اور دیگر دوستوں نے ساجد کو اس کے دوستوں اور رشتے داروں میں تلاش کیا نہ ملنے پر زمان ٹاؤن تھانے جا کر اطلاع دی ، ابھی وہ تھانے میں اطلاع دینے کے بعد باہر آئے ہی تھی کہ علاقے سے اطلاع ملی کہ گھر کے سامنے واقعے پارک کے باہر ساجد شدید زخمی حالت میں پڑا ہوا ہے جس پر وہ فوری طور پر وہاں پہنچے اور ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ساجد کو کورنگی میں واقعے نجی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ جاں بحق ہوچکے ہیں.

 مقتول کے سر ، آنکھوں اور جسم کے مختلف حصوں پربہیمانہ تشدد کیا گیا تھا ، مقتول کے پاس موجود اس کے دونوں موبائل فون بھی غائب تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے گھر سے بلا کر اغوا کر کے کسی اور مقام پرلے جا کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ملزمان لاش پھینک کر فرار ہوگئے.

ورثا کا کہنا تھا کہ مقتول کی کسی سے دشمنی تھی یا لین دین کا تنازعہ تھا اس بارے میں انہیں کچھ نہیں معلوم ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔