ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں سابق پراجیکٹ ڈائریکٹ یلو لائن ضمیر عباسی کیخلاف بے نامی اکاؤنٹس کے کیس میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے چالان جمع کروادیا۔
جمع کرائے گئے چالان کے مطابق ملزم ضمیر احمد عباسی مختلف سرکاری محکموں میں گریڈ 17 سے 19 کے عہدوں پر تعینات رہا۔ ملزم نے سرکاری ملازمت کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی ذرائع سے بھاری رقوم جمع کیں۔
ملزم نے بھاری رقوم حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیں۔ ملزم کے 3 بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 11 کروڑ سے زائد کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانسیکشن سامنے آئی۔
ملزم کی اہلیہ خنساء ضمیر کے 3 بینک اکاؤنٹس میں 16 کروڑ سے زائد کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانسیکشن سامنے آئی۔ چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے والد محمد پناہ عباسی کے بینک اکاؤنٹس میں بھی اربوں روپے کے ٹرن اوور کی اطلاعات ہیں۔
ملزمان کے نام پر ملک بھر میں متعدد جائیدادیں بھی موجود ہیں۔ ملزم ضمیر عباسی نے اپنے اور اہلیہ کے نام پر 7 انشورنس پالیسیاں حاصل کیں۔ انشورینس کی پریمیم کی مد میں ساڑھے 3 کروڑ روپے سے زائد ادا کیئے گئے۔
ملزم نے مجموعی طور پر 24 بار بیرون ملک سفر کیا۔ ملزم بیرون ملک سفر کے لئے مجاز ایکسچینچ کمپنیوں سے غیر ملکی کرنسی خریدنے کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکا۔ ملزم کے مطابق اکاونٿس میں تنخواہ اور سرکاری مراعات آتی ہیں۔ ملزم کے مطابق زرعی زمین اور والد کے کاروبار سے آمدنی نقد وصول کی جاتی تھی۔