جعلی پیر بن کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے ملزمان گرفتار

جعلی پیر نے روحانی عمل کے بہانے شہری کو 4 قدم آگے چلنے کا کہا، ملزمان شہری کی توجہ ہٹا کر رقم سمیت موقع سے فرار ہو گئے


سید مشرف شاہ November 17, 2026

جعلی پیر بن کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے ملزمان کو سیف سٹی کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔

لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں ملزمان نے روحانی علاج کے بہانے شہری کو دھوکہ دیا، شہری کوعلاج کا جھانسہ دے کر نوسربازوں نے شہری سے 2 لاکھ سے زائد رقم ہتھیا لی۔

جعلی پیر نے روحانی عمل کے بہانے شہری کو چار قدم آگے چلنے کا کہا، ملزمان شہری کی توجہ ہٹا کر رقم سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔

سیف سٹی کی ورچوئل پٹرولنگ ٹیم نے کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی، سیف سٹی ٹیم نے کیمروں کی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر لیاْ

ملزمان کی تصاویر اور اہم ڈیجیٹل شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کیے گئے، سیف سٹی کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ شہری جعلی پیروں اور روحانی علاج کے نام پر فراڈ کرنے والے نوسربازوں سے ہوشیار رہیں،  شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا فراڈ کی فوری اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔