سعودی قیادت میں اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کی صلاحیت کو تباہ کرنے کے لیے بحیرہ احمر میں الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ حوثی باغیوں نے سعودی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کو تنبیہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ چند گھنٹوں کے اندر نئے فضائی حملے کیے جائیں گے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع بلند ترین عمارت کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اتحادی افواج کا بیان سامنے آیا ہے اور تنازع مزید شدت اختیار کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔
یمن کے شمالی علاقے میں الحدیدہ پورٹ حوثیوں کے زیر کنٹرول ہے جو خوراک اور دیگر ضروری سامان پہنچانے والی مرکزی بندرگاہ ہے جبکہ اتحادی افواج کے مطابق حملے سے قبل شہریوں کو علاقے سے انخلا کی وارننگ دی گئی تھی۔
سعودی سربراہی میں اتحادی افواج نے کہا کہ بندرگاہ پر حوثیوں کی آپریشنل صلاحیتوں کو تباہ کر دیا گیا ہے جنہیں اسمگلنگ کی کارروائیوں اور ہتھیاروں، بیلسٹک میزائلوں کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
دوسری جانب یمن کے وزیر اطلاعات کے مطابق بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہے اور سامان کی ترسیل جاری رہے گی۔
شپنگ کمپنیاں نشانہ بننے سے پہلے سعودی بندرگاہیں خالی کریں، حوثیوں دھمکی
قبل ازیں حوثیوں کی جانب سے دھمکی دی تھی کہ اگر سعودی عرب نے یمنی بندرگاہ پر حملے کی اپنی دھمکی پر عمل کیا تو وہ بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کو نشانہ بنائیں گے جبکہ سعودی حملے کے بعد ردعمل سامنے نہیں آیا۔
حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے بیان میں کہا تھا کہ ہم سعودی عرب کی بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کے تمام ملازمین، کارکنوں اور ان کے آس پاس موجود افراد کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر انخلا کریں اور ان سے دور رہیں، ہم تمام شپنگ کمپنیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنے جہاز ان بندرگاہوں سے نکال لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فضائی کمپنیوں کو سعودی فضائی حدود سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ چند گھنٹوں بعد یہ ہمارے حملوں کا نشانہ بنیں گی تاہم انہوں نے مکہ اور مدینہ کے قریب فضائی حدود کو اس تنبیہ سے مستثنیٰ قرار دیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ حوثی گروپ جنوبی سعودی عرب کے علاقے شقیق میں واقع ایک بجلی گھر کو نشانہ بنائے گا۔
سعودی سربراہی میں اتحادی افواج نے کہا کہ اس نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک کارروائی کی ہے جبکہ صعدہ اور تعز میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرگئی تھی، جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ حوثیوں نے یمن میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت اور اس کے اتحادیوں سے متعدد علاقوں کا قبضہ بھی چھین لیا ہے جبکہ یمنی حکومت کو سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی افواج کی حمایت بھی حاصل ہے۔