ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک November 21, 2026
فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں میں 15 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور عزم قابلِ تحسین ہیں۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بلوچستان سمیت ملک کے ہر حصے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

اُدھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں  کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔

وزیرداخلہ نے 15 خوارجیوں  کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ خوارجیوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔