وزیر داخلہ کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات، انتظامی یونٹس سے متعلق بات چیت

انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے، چودھری شجاعت حسین


ویب ڈیسک November 23, 2026

لاہور:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی جس میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز پاکستان کے عام لوگ ہیں، آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا تو کل معاف نہیں کرے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور کے پی کے میں انسداد دہشتگردی اور قیام امن کے لیے کئے گئے اقدامات بارے آگاہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔