ٹرمپ کی پیٹرول کیلیے ایران جنگ اب امریکیوں کو مہنگی پڑنے لگی ہے؛ سینیٹر برس پڑے

یہ 2022 کے بعد پہلا موقع ہے جب اس قومی تہوار کے کھانے کی مجموعی قیمت میں سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے


ویب ڈیسک November 26, 2026
امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے تھینکس گیونگ کے کھانے کی بڑھتی قیمتوں پر صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران جنگ اور تجارتی پالیسیوں کے اثرات اب امریکیوں کے تہوار کے کھانے تک پہنچ گئے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وان ہولن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس سال قومی تہوار ’’تھینکس گیونگ‘‘ پر امریکی خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں دیکھ کر شدید دھچکا لگ رہا ہے۔

انہوں نے امریکی فیڈریشن کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دس افراد کے لیے روایتی تھینکس گیونگ کھانے کی اوسط لاگت گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد بڑھ گئی ہے۔

ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وان ہولن نے مزید کہا کہ یہ 2022 کے بعد پہلا موقع ہے جب اس قومی تہوار کے کھانے کی مجموعی قیمت میں سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سینیٹر کرس وان ہولن کے بقول دودھ، کرین بیری اور دیگر روایتی غذائی اشیا مہنگی ہوئی ہیں جبکہ ترکی کے گوشت کی قیمت میں بھی 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کی ایران میں تیل کی جنگ نے ایندھن اور دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھائی ہیں جبکہ تجارتی محصولات نے مہنگائی میں مزید اضافہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی فیڈریشن کی رپورٹ کے مطابق دس افراد کے کھانے پر اوسطاً 58 ڈالر 63 سینٹ خرچ ہوں گے جبکہ ترکی کے 16 پاؤنڈ وزنی گوشت کی اوسط قیمت 23 ڈالر 68 سینٹ ہوگئی ہے۔