بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے سعودی عرب کے تین بڑے شہروں کے لیے پروازوں کی معطلی میں 31 دسمبر 2026 تک توسیع کر دی۔
ایئر لائن نے ٹریول ایڈوائزری میں بتایا ہے کہ خطے میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر جدہ، دمام اور ریاض سے آنے اور جانے والی پروازیں 31 دسمبر 2026 تک معطل رہیں گی۔
ایئر انڈیا کے مطابق جن مسافروں کی کنفرم بکنگ 27 نومبر 2026 یا اس سے پہلے جاری ہوئی ہے اور سفر 31 دسمبر 2026 تک ہے وہ یا تو بکنگ کی تاریخ تبدیل کروالیں یا پھر ٹکٹ کی مکمل رقم واپس بھی لے سکتے ہیں۔
تاریخ تبدیل کرنے والے مسافر سعودی عرب میں ایئر انڈیا کے کسی بھی آپریشنل اسٹیشن سے سفر کر سکتے ہیں بشرطیکہ نیا سفر 14 جنوری 2027 تک مکمل ہو جائے۔ مسافروں کی مدد کے لیے ایئر انڈیا کی کسٹمر سپورٹ ٹیمیں دستیاب ہیں۔
دیگر بین الاقوامی اور بھارتی ایئرلائنز نے بھی خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے باعث اپنی پروازیں معطل یا محدود کر دی ہیں۔
انڈیگو کی ریاض اور دمام کی پروازیں 7 دسمبر 2026 تک منسوخ رہیں گی جبکہ اکاسا ایئر نے جدہ کی پروازیں 10 جنوری 2027 اور ریاض کی پروازیں 31 جنوری 2027 تک معطل کر دیں جبکہ اتحاد ایئرویز نے ابوظہبی سے ریاض اور دمام کی مسافر و کارگو پروازیں 31 دسمبر تک منسوخ کر دیں۔
ایئر فرانس نے ریاض کی پروازیں 4 جنوری 2027 تک، کے ایل ایم نے ریاض اور دمام کی پروازیں 10 جنوری 2027 تک، برٹش ایئرویز نے لندن ہیتھرو سے ریاض کی پروازوں کی بحالی 11 جنوری 2027 تک مؤخر کر دی۔
کیتھے پیسیفک نے ریاض کی پروازیں 31 جنوری 2027 تک منسوخ کر دی ہیں اس کے علاوہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی ریاض کی پروازیں بھی تاحال معطل ہیں اور ان کی بحالی کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا کی مدد کا الزام عائد کرکے ایران سعودی عرب نشانہ بنا رہا ہے جبکہ حوثیوں کے حملے بھی جاری ہیں اس لیے کئی ایئرلائنز نے پروازیں منسوخ یا معطل کر رکھی ہیں۔