کوئٹہ:
بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعے میں اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر مجموعی طور پر 16 مزدوروں کو اغوا کیا اور اپنے ساتھ قریبی پہاڑی علاقے میں لے گئے، جہاں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تاہم اغوا کیے گئے مزدوروں کی مجموعی تعداد اور دیگر تفصیلات کی سرکاری سطح پر تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا کیے گئے مزدوروں کی تعداد اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش اور مغوی مزدوروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ مزدور چمالنگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے اور چھٹی پر دو پک اپ گاڑیوں میں دکی جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے، فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔