ایران کی پارلیمنٹ نے اتوار کو ایک بل منظور کر لیا جس کے تحت اسلامی قوانین کی ڈگری نہ رکھنے والے شخص کو بھی ملک کا انٹیلی جنس وزیر بنائے جانے کا اختیار مل جائے گا۔
یہ عہدہ اس وقت سے خالی ہے جب سابق وزیر 65 سالہ اسماعیل خطیب کو امریکا اور اسرائیل نے جنگ کے آغاز میں ایک مشترکہ حملے میں شہید کردیا تھا۔ وہ 2021 سے اس عہدے پر فائز تھے اور عالم دین تھے۔
22 مارچ کو ان کی موت کے چند دن بعد ایرانی صدر کے ترجمان نے قائم مقام وزیر انٹیلی جنس کی تقرری کا اعلان کیا تھا تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔
یہ بل ابھی حتمی منظوری کا منتظر ہے۔ اس بل کے ذریعے چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری اس شرط میں نرمی کی گئی ہے جس کے تحت امیدوار کے پاس اسلامی قانون میں اعلیٰ قابلیت ہونا لازمی تھا۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اتوار کو حکومت پر زور دیا کہ قانون کی حتمی منظوری ملتے ہی بلا تاخیر مستقل نئے وزیر کا تقرر کیا جائے۔ انہوں نے موجودہ حالات کو اس جلد بازی کی وجہ قرار دیا۔
خبر رساں ادارے آئی ایس این اے کے مطابق ترمیم کے تحت امیدوار کے لیے ضروری ہوگا کہ اس نے اجتہاد کا درجہ حاصل کیا ہو یا ماسٹرز کی ڈگری رکھی ہو، اس کے ساتھ انٹیلی جنس کا تجربہ ہو اور کم از کم 10 سال درمیانے یا سینئر انتظامی عہدوں پر کام کیا ہو۔