بلاول بھٹو زرداری کی گورنر فیصل کریم کنڈی کو اپنی کاوشیں جاری رکھنے کی ہدایت

دہشت گردی ہماری ریڈ لائن ہے، آخری شرپسند کے خاتمے تک ہماری لڑائی جاری رہے گی، بلاول بھٹو زرداری


شاہد حمید November 29, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کو ریڈلائن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخری شرپسند کے خاتمے تک ہماری لڑائی جاری رہے گی اور اس سلسلے میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو اپنی کاوشیں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا کی مجموعی صورت حال اور صوبے میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی ہماری ریڈ لائن ہے، آخری شرپسند کے خاتمے تک ہماری لڑائی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں اور اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو اس سلسلے میں اپنی کاوشیں جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔