نیتن یاہو کا پھر سے وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور؛ اپوزیشن رہنما نے پیشکش ٹھکرادی

نیتن یاہو نے تجویز دی تھی کہ ابتدائی مدت کے لیے آئزن کوٹ وزیراعظم بنیں اور بقیہ مدت کے لیے وہ خود بنیں گے


ویب ڈیسک November 29, 2026

اسرائیل کے نگران وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے وزارت عظمیٰ کے لیے مرکزی حریف گادی آئزن کوٹ نے اتوار کو نیتن یاہو کی اقتدار کی تقسیم کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔

نیتن یاہو نے تجویز دی تھی کہ اتحادی حکومت بننے کی صورت میں ابتدائی مدت کے لیے آئزن کوٹ وزیراعظم بنیں اور بقیہ مدت کے لیے نیتن یاہو ملک کی سربراہی کریں گے تاہم یہ واضح نہیں تھا کہ کون کتنے عرصے کے لیے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے اتوار کو اس تجویز پر بات چیت کے لیے ملاقات کی لیکن یہ مذاکرات جلد ہی بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ ملاقات سے باخبر ایک ذریعے کے مطابق اہم معاملات پر نمایاں اختلافات برقرار رہے۔

آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو بتایا کہ وہ تبدیلی کے بلاک کے ساتھ کھڑے ہیں جو اسرائیل کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے رہنما کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں آئزن کوٹ کی جماعت یاشر اور نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے کہا کہ بات چیت کا آغاز سکیورٹی بریفنگ سے ہوا اور پھر قومی اتحاد کی حکومت کے امکان پر بات ہوئی جس میں دونوں فریقوں نے موجودہ بڑے اختلافات کو کم کرنے کی کوشش کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاہم یہ زیر بحث اختلافات ختم ہونے کے بجائے آخر میں اتنے بڑے ثابت ہوئے کہ انہیں دور نہیں کیا جا سکا چنانچہ مذاکراتی ٹیموں کے درمیان بات چیت جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ بنیادی معاملات پر نمایاں اختلافات موجود ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو کہا کہ اگر ان کی لیکوڈ جماعت ے بنیادی اصولوں کو قبول کر لے تو وہ بعد میں حکومت میں شامل ہو سکتی ہے۔

ان اصولوں میں 7 اکتوبر 2023 کے ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے ریاستی کمیشن آف انکوائری کا قیام بھی شامل ہے۔

انتخابی صورتحال کیا ہے

اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں نیتن یاہو کے انتخابی اتحاد نے 53 نشستیں حاصل کیں جبکہ آئزن کوٹ کی جماعت اور تین دیگر جماعتوں نے 48 نشستیں حاصل کیں۔ اس طرح دونوں ہی 120 رکنی کنیسٹ میں اکثریت حاصل نہ کرسکے۔

ہفتے کی شام ایکس پر جاری بیان میں نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چونکہ ان کی لیکوڈ پارٹی پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت ہے۔

 اس لیے اقتدار کے اشتراک میں پہلے وہ وزیراعظم بنیں اور بقیہ مدت کے لیے دوسری بڑی جماعت کے امیدوار کو موقع ملے لیکن وہ سب کچھ ایک طرف رکھ کر آئزن کوٹ کو پہلے وزیراعظم بننے دیں گے۔

یوں تو 27 اکتوبر کے انتخابات میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کنیسٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی لیکن ان کا اتحاد حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

اب آئزن کوٹ حکومت سازی کی دوڑ میں آگے ہیں اور وہ ایسی حکومت بنانے کے قریب ہیں جو اسرائیل کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے رہنما نیتن یاہو کو ہٹا سکتی ہے۔

آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے 20 دسمبر تک کا وقت ہے اگر وہ دو ہفتے کی توسیع کی درخواست کرتے ہیں۔ لیکن انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ہی نئی حکومت کو پارلیمانی ووٹ کے لیے لائیں گے۔

واضح رہے کہ آئزن کوٹ پہلے ہی دائیں بازو کی جماعت یسرائیل بیتینو اور بائیں بازو کی جماعت دی ڈیموکریٹس کے ساتھ اتحادی معاہدہ کر چکے ہیں۔