وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیول سبسڈی سے انفرادی طور پر مستفید ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور اب تک اس اسکیم کے تحت 52 ارب سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی اور ٹارگٹڈ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم سے مستفید ہونے والے انفرادی صارفین کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اب تک اس اسکیم کے تحت 52 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس ٹارگٹڈ اسکیم کے تحت روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن کو عوامی اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر قرار دیا، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل شفاف اور مؤثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور وزارتیں مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے پیش نظر بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرنے کے لیے وزیراعظم فیول سبسڈی کا اجرا کیا گیا اور ستمبر میں اسکیم کے آغاز کے بعد سے اب تک ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مربوط کاوشوں سے اس اسکیم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ممکن ہوا ہے، حکومت کا یہ مشترکہ اقدام عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی کی فراہمی سے عام آدمی، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوام کو سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اسکیم سے مستفید ہونے والے شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔