’’پروفیسر‘‘خود بیٹنگ کا سبق بھول گئے

حفیظ کے ساتھ فوادعالم اورسرفرازبھی بدترین ناکامی کاشکار،اظہرکی عمدہ بیٹنگ


Sports Desk April 23, 2015
جنید نے 60.33 کی بھاری اوسط سے3 جبکہ راحت علی نے56.50 کی ایوریج سے 2 شکار کیے ۔ فوٹو : اے ایف پی

بنگلہ دیش سے سیریز بھی پاکستانی بیٹسمینوں کی کھوئی ہوئی فارم واپس نہ لاسکی، اس بار تو بولرز بھی یکسر ناکام رہے، حفیظ کیلیے ٹیم میں واپسی مایوس کن رہی، وہ تین میچز میں محض8رنز بناسکے، بیٹنگ میں وہاب کی کارکردگی نے مستند بیٹسمینوں کو شرمائے رکھا جبکہ بولنگ میں وہ ابتدائی میچ میں 4 وکٹیں لینے کے بعد پھر وکٹ کو ترس گئے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے ہاتھوں سیریز میں 0-3 کی شرمناک کلین سوئپ شکست نے پاکستانی ٹیم کو شرمندگی سے دوچار کردیا، ورلڈ کپ سے قبل انجرڈ ہونے والے محمد حفیظ کیلیے بھی ٹیم میں واپسی ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی، وہ سیریز کے تینوں میچز کھیلنے کے بعد محض8رنز اپنے نام جوڑ پائے، اس میں ان کا بہترین اسکور 4 اور اوسط 2.66 رہی،فواد عالم بھی کم بیک پر کوئی تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے۔

انھوں نے 3 اننگز میں 18 رنز اسکور کیے، جس میں 14 بہترین اننگز رہی، ابتدائی 2 میچز کھیلنے والے وکٹ کیپر سرفراز نے مجموعی طور پر31رنز بنائے، 24 انکی بہترین کاوش رہی،اسکواڈ میں شامل دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 3 میچزمیں 84 رنز بناکر نمایاں رہے، 67 ان کی سب سے بڑی اننگز ثابت ہوئی۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ففٹی سمیت66 رنز اپنے نام جوڑے،کپتان اظہرعلی نے اختتامی ون ڈے میں کیریئر کی پہلی ون ڈے سنچری داغ کر مجموعی رنز کو 209 تک پہنچایا،حارث سہیل 147رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں اسکورر بنے ، ان کی بہترین انفرادی کاوش 52رنز رہی، سعد نسیم نے 99رنز بنائے، 77 ناٹ آؤٹ ان کی بیسٹ اننگز ثابت ہوئی، سمیع اسلم نے 45رنز سے انٹرنیشنل کرکٹ میں کھاتہ کھولا۔بولنگ میں وہاب ابتدائی ون ڈے میں 59رنز کے عوض4 وکٹوں کی پرفارمنس کے بعد دیگر دونوں میچزمیں وکٹ کیلیے ترستے رہے ۔

جنید نے 60.33 کی بھاری اوسط سے3 جبکہ راحت علی نے56.50 کی ایوریج سے 2 شکار کیے، 123کی اوسط سے ایک وکٹ سعید کے حصے میں آئی، سیریز کے تینوں میچز میں پاکستانی بولرز بمشکل تمام 10 وکٹیں اپنے نام کرپائے، عمرگل کو واحد میچ کے7اوورز میں 53 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، ذوالفقار بابر بھی کوئی وکٹ نہیں لے پائے۔

مقبول خبریں