پی ایس ایل 15غیرملکی کوچز نے خدمات پیش کردیں

واس،گرینج اورروبن سنگھ بھی شامل،مزید ٹاپ آفیشلزوپلیئرز کا جلد اعلان ہو گا، نجم سیٹھی


Sports Reporter September 30, 2015
واس،گرینج اورروبن سنگھ بھی شامل،مزید ٹاپ آفیشلزوپلیئرز کا جلد اعلان ہو گا، سیٹھی فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان سپر لیگ کیلیے15غیرملکی کوچز نے خدمات پیش کردیں، فہرست میں چمندا واس،گورڈن گرینج اور روبن سنگھ کے نام بھی شامل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ سال فروری میں یو اے ای میں شیڈول پی ایس ایل میں غیر ملکی کوچز کو بھی فرنچائز ٹیموں کے ساتھ منسلک ہونے کا موقع ملے گا،ایونٹ کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ''ایکسپریس ٹریبیون'' کو انٹرویو میں کہاکہ پی ایس ایل پول کیلیے 15غیرملکی کوچز نے اپنی خدمات پیش کردی ہیں۔ ان میں چمندا واس،گورڈن گرینج، روبن سنگھ اور مکی آرتھر کے نام شامل ہیں، مزید ٹاپ آفیشلز اور کرکٹرز کے ساتھ بات چیت جاری ہے، ناموں کا اعلان چند روز میں کردیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح کے کوچنگ اسٹاف اور کرکٹ اسٹارز کے ہمراہ مقابلوں میں شرکت سے پاکستانی ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور مالی فائدے کا بھی موقع ملے گا۔ یاد رہے کہ سابق پیسر چمندا واس 1990اور 2000کی دہائیوں میں سری لنکن کرکٹ کے سنہرے دور میں بطور اہم رکن ٹیم میں شامل رہے ہیں، انھوں نے 111ٹیسٹ میں 335اور 400ون ڈے میچز میں 322وکٹیں حاصل کی تھیں۔

وہ نیوزی لینڈ اور آئی لینڈرزکے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔سابق بھارتی آل راؤنڈر روبن سنگھ صرف ایک ٹیسٹ کھیل سکے البتہ 136ایک روزہ میچز میں انھوں نے 2336رنز بنائے اور 69وکٹیں حاصل کیں،وہ بھارتی جونیئرز کے کوچ اور قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی رہنمائی بھی کرتے رہے ہیں، گورڈن گرینج 70 اور 80کی دہائی میں ویسٹ انڈیز کرکٹ کے عروج کی ایک یادگار ہیں، انھوں نے 108ٹیسٹ میں 7558 جبکہ 128ون ڈے میں 5134رنز بنائے، ڈیسمنڈ ہینز کے ساتھ ان کی اوپننگ جوڑی کی اب بھی مثالیں دی جاتی ہیں۔

مقبول خبریں