اقوام متحدہ میں پنجاب کے حقوق نسواں بل کی تعریف

پاکستان خواتین کو بااختیار بنانا چاہتا ہے، ملیحہ لودھی


APP March 21, 2016
صنفی مساوات اور بااختیار خواتین پائیداراقتصادی ترقی کیلیے ضروری ہیں، ملیحہ لودھی۔ فوٹو: فائل

قزاقستان کے سفیر مختار تلو بردی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیرڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان جنسی مساوات اورخواتین کوزیادہ سے زیادہ با اختیار بنانے کے اہداف کے حصول کیلیے پرعزم ہے۔

اقوام متحدہ میں کمیشن فار اسٹیٹس آف وومن کے60 ویں اجلاس کے موقع پر پاکستانی مشن کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کے دوران قزاخستان کے سفیر مختار تلوبردی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ صنفی مساوات اور بااختیار خواتین پائیداراقتصادی ترقی کیلیے ضروری ہیں، پاکستان اس اہم مسئلے کے حل پریقین رکھتا ہے تاکہ پائیدارترقی کے عالمی اہداف کے حصول کویقینی بنایا جاسکے۔

انھوں نے کہاکہ خواتین کے خلاف تشددکا خاتمہ ،خواتین کو بااختیاربنانے اورصنفی مساوات کے قیام کے ایجنڈے میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ پنجاب وومن ڈیولپمنٹ کی سیکریٹری امان ایمان نے صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے خواتین کے قانون کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی صرف ایک اقدام ہے اورصوبائی حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور ان پرہونے والے تشدد کے خاتمے کیلیے کئی دیگر اقدامات کررہی ہے۔

بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ درانی نے اپنے خطاب کے دوران بلوچستان میں خواتین کے تحفظ اورسماجی واقتصادی اختیارات میں اضافے کیلیے کیے جانے والے اقدامات پرروشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے کئی قانونی اورانتظامی اقدامات کیے ہیں۔ اپنے اختتامی خطاب میں ڈاکٹرملیحہ لودھی نے تعلیم کے فروغ اورسماجی رویوں میں تبدیلیوں کے حوالے سے میڈیا کے کردار پرخصوصی روشنی ڈالی۔

مقبول خبریں