سال 2016 کی ایوارڈ یافتہ تصاویر

ترکی میں روسی سفیر کے قتل کی تصویر کو اول انعام دیا گیا


ویب ڈیسک February 13, 2017
ترکی میں روسی سفیر کے قتل کی تصویر کو اول انعام دیا گیا

KARACHI: ہالینڈ میں واقع اخباری تصاویر کی درجہ بندی اور انعامات دینے والی تنظیم نے سال 2016 کی بہترین خبری تصاویر جاری کی ہیں۔

ورلڈ پریس فوٹو مقابلے کا پہلا انعام جائے وقوعہ پر فوری لی گئی اس تصویر کے حصے میں آیا جس میں روسی سفیر کو انقرہ میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ یہ تصویر بُرہان ازبلیشی نے لی تھی۔ ججوں کے مطابق اس خطرناک صورتحال میں بھی فوٹوگرافر نے اپنے اعصاب کو پرسکون رکھا اور ایک ایسی تصویر کھینچی جو اپنے اندر ایک داستان رکھتی ہے۔ اس تصویر کو تمام شعبوں میں پہلے نمبر پر رکھ کر پہلا انعام دیا گیا، تصویر میں مشتعل قاتل کھڑا ہے اور روسی سفیر آندرے کارلوف کی لاش دکھائی دے رہی ہے۔



نیویارک ٹائمز کے ڈینیئل بیئرہولاک کو منیلا کی ایک جیل میں موجود مشتبہ منشیات فروشوں کی تصویر پر جنرل نیوز زمرے میں پہلا ایوارڈ دیا گیا جو جیلوں کی ابتر حالت کو ظاہر کررہا ہے۔



فرانس کے فوٹوگرافر لارینٹ وان ڈر اسٹوخ نے یہ تصویر 2 نومبر 2016 کو موصل میں فوجی آپریشن کے دوران لی تھی جس میں بچے خوفزدہ نظر آرہے ہیں۔ اسے جنرل نیوز (سنگلز) کا انعام دیا گیا ہے۔



نیویارک ٹائمز کے سرگئے پونوماریو کی اس تصویر کو جنرل نیوز اسٹوری کا دوسرا انعام ملا ہے۔ اس تصویر میں ایک عراقی خاندان گاڑی میں عراقی شہر موصل سے باہر نکل رہا ہے اور عقب میں تیل کے کنوؤں میں آگ لگی ہوئی ہے۔



درج ذیل تصویر کو یوکرین کا سیاہ دن کا نام دیا گیا ہے۔ تصویر میں ایک خاندان یوکرین میں روسی بمباری کے بعد اپنے گھر سے باہر دوڑ رہا ہے۔ اسے لانگ ٹرم پروجیکٹ میں پہلا انعام دیا گیا ہے۔



شمالی ڈکوٹا میں مظاہرے کے دوران آنسو گیس سے بچنے کی کوشش ظاہر کرنے والی یہ تصویر امبر بریکن نے کھینچی ہے جس میں مظاہرین ایک مجوزہ تیل کی پائپ لائن پر احتجاج کررہے تھے۔



کھیلوں میں تیسر انعام حاصل کرنے والی اس تصویر کو کائی اولیور فافنباخ نے عکسبند کیا۔ 2016 میں ریو اولمپکس میں یوسین بولٹ کو دیگر حریفوں کو آگے نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔



فطرت اور قدرتی ماحول کی زمرے میں اس تصویر کو انعام دیا گیا ہے۔ 8 جون 2016 کو لی جانے والی اس تصویر میں ایک کچھوا مچھلیوں کے جال میں پھنس کر بے بس نظر آرہا ہے ۔ یہ تصویر اسپین کے ساحلوں پر لی گئی ہے۔



اگلی تصویر میں گینڈوں کے شکاری دو افراد کو پولیس کی حراست میں دکھایا گیا ہے جو موزمبیق کے کروگر نیشنل پارک میں گینڈوں کے شکار اور ان کا سینگ کاٹنے کی کوشش کررہے تھے۔ یہ تصویر برینٹ اسٹرٹن نے لی ہے جسے پہلا انعام دیا گیا ہے۔



فطرت اور وائلڈ لائف کی اس تصویر کو دوسرا انعام دیا گیا ہے جو ایمی وائٹیل نے لی اور اسے نیشنل جیوگراف نےشائع کیا ہے۔ تصویر میں ایک 16 سالہ پانڈا کو چین کے ایک مرکز میں دیکھا جاسکتا ہے۔



اگلی تصویر میں کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاسترو کی باقیات لے جانے والے ایک ٹرک میں طالب علم بیٹھے ہیں۔ اسے ٹامس میونیٹا نے عکس بند کیا ہے اور روزمرہ زندگی (ڈیلی لائف) کے شیعے میں انعام دیا گیا ہے۔



آخری تصویر کو عوام تصویر کے زمرے کا پہلا انعام دیا گیا ہے۔ اس میں کیوبا میں رہائش پذیر دو کوریائی بہنوں اولگا اور ایڈلینا کو دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ تصویر کیوبا میں رہائش پذیر کوریائی باشندوں کےسماجی رحجانات کو ظاہر کرتی ہے۔