سانحہ مال روڈ کا سہولت کار30 روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 فروری 2017
انوار الحق کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے فوٹو: فائل

انوار الحق کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے فوٹو: فائل

 لاہور: عدالت نے سانحہ مال روڈ کے سہولت کار انوارالحق کو30 روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہورمیں کاؤنٹرٹیررز ازم ڈیپارٹمنٹ نے مال روڈ پرخودکش دھماکا کرنے والے بمبار کے سہولت کارانوار الحق کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے عدالت میں موقف اختیارکیا گیا کہ تمام شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ انوارالحق ہی خودکش بمبار کو مال روڈ پرلے کرآیا، اس نے افغانستان سے ٹریننگ لینے کا اعتراف کیا تھا۔ ملزم سے کئی معاملات پرتفتیش کی جانی ہے جس کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں، اس لئے ملزم کو30 روز کے لیے سی ٹی ڈی کی تحویل میں دیا جائے۔ عدالت نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارمنٹ کی استدعا منظورکرتے ہوئے ملزم کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: لاہور دھماکے کے سہولت کار کا اعترافی بیان سامنے آگیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ کئی دہشت گردوں کو لاہورمیں پولیس کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ اس کے لیے خودکش جیکٹس 15 سے 20 روزقبل لاہورپہنچائی گئی، سی ٹی ڈی نے سہولت کاروں کے بینک اکاؤنٹس، موبائل فون ڈیٹا اور ان کی جائیدادوں کی معلومات حاصل کرلیں ہیں۔

واضح رہے کہ انوارالحق کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے اوراس نے لاہور کے علاقے لنڈا بازارمیں کئی برسوں سے رہائش اختیار کررکھی تھی، ملزم کی گرفتاری کی تصدیق گزشتہ روز کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔