عمران خان نے پی ایس ایل فائنل میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے دیا

ویب ڈیسک  منگل 7 مارچ 2017
ایونٹ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو تو آنا ہی تھا، چیرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

ایونٹ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو تو آنا ہی تھا، چیرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں حصہ لینے کے لیے لاہور آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کرانے کی شدید مخالفت کی تھی تاہم اب انہوں نے ایونٹ کے فائنل میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے کر ایک نیا محاذ کھول لیا ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران عمران خان سے جب پی ایس ایل فائنل سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے، وہ تو یہاں ویسے بھی آجاتے، ایونٹ کے فائنل کے لیے اچھے کھلاڑیوں کو نہیں آنا تھا اور جو ‘پھٹیچر’ کھلاڑی ہیں، انھیں تو ویسے بھی آ جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے یہ ایسے ہی کسی کو پکڑ لے کر آئے، کسی کو افریقا سے لے آئے تو کسی کو کہیں اور سے، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے میں تو ان کے نام بھی نہیں جانتا، انھیں پیسے دیے جائیں تو وہ یہاں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بھی آجائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران خان پاکستان کےدشمنوں کی زبان بول رہےہیں، راناثنااللہ

دوسری جانب عمران خان کے بیان پر وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جب بھی بات کرتے ہیں پاکستان کے خلاف ہوتی ہے، آزادی اظہار رائے ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن دوسروں کی دل آزاری کرنے والے بیانات سے گریزکرنا چاہیئے۔ عمران خان کے بیان کی وجہ سےعالمی کھلاڑیوں کو خوف لاحق ہوا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ لاہورمیں پی ایس ایل فائنل کےانعقاد پرقوم مبارکباد کی مستحق ہے، پی ایس ایل فائنل دہشت گردوں کوبے خوف پاکستان کا جواب تھا، اگرپی ایس ایل کا فائنل پاگل پن تھا تو قوم دہشت گردی کے خلاف ایسا کرتی رہے گی، بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے گھٹیا الفاظ کا استعمال عمران خان کی سوچ کا عکاس ہے، عمران خان سے خیر کی توقع نہیں ہے ، وہ خود بھارت جا کرمیچز پر کمنٹری کرتے ہیں لیکن پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے نہیں آتے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران خان کوغیرملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنا سوشل میڈیا پرمہنگا پڑگیا

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل کی ایک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منٹور کرکٹ کے لیجنڈ کھلاڑی سر ویوین رچرڈز ہیں جب کہ فاتح ٹیم پشاور زلمے کے کپتان ڈیرین سیمی تھے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کو مختصر ترین کرکٹ فارمیٹ میں دو مرتبہ عالمی چیمپئین بنوایا، اس کے علاوہ فائنل میں مارلن سیموئلز اور کرس جارڈن جیسے کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔