کپل شرما شو کی شوٹنگ کے بعد زاروقطار رونے لگے

ویب ڈیسک  پير 27 مارچ 2017
کپل شرما کی جانب سے تضحیک آمیز رویئے کے بعد شو کے تین اہم ترین کردار ان سے علیحدہ ہوگئے ہیں، فوٹو؛ فائل

کپل شرما کی جانب سے تضحیک آمیز رویئے کے بعد شو کے تین اہم ترین کردار ان سے علیحدہ ہوگئے ہیں، فوٹو؛ فائل

ممبئی: معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما شو کی شوٹنگ کے دوران ضبط نہ رکھ سکے اور اپنے ساتھیوں کی عدم موجودگی کے باعث سیٹ پر ہی پھوٹ پھوٹ کر رودیئے۔

بھارت کے مشہور کامیڈی شو’’دی کپل شرما شو‘‘ کپل شرما اور سنیل گروور کی لڑائی کے بعد مشکلات کا شکار ہوگیا ہے اور 3 اہم اداکاروں سنیل گروور، چندن پر بھارکر اور علی اصغر نے  شو چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ گزشتہ دنوں کپل کو اسٹار کاسٹ کے بغیر ہی شوٹنگ کرانی پڑی جس میں ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سنیل گروور ’’دی کپل شرما شو‘‘ چھوڑنے کے بعد نئے شو کی تیاری کرنے لگے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل گروور سے  تنازعے کے بعد کپل شرما نے شو کی شوٹنگ کی جس میں اپنی فلم کی تشہیر کے لیے اداکار منوج باجپائی اور تاپسی پنوں شریک تھے جب کہ شو کی شوٹنگ اسٹار کاسٹ سنیل گروور، چندن پر بھارکر، علی اصغر اور سگندھا مشرا کے بغیر ہی کی گئی جس دوران کپل شرما پریشان نظر آئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سنیل سے جھگڑے کے بعد کپل شرما کا شو مشکلات کا شکار

کپل شرما شو کی شوٹنگ کے بعد کے ساتھیوں کی غیر موجودگی  پر دلبرداشتہ ہوگئے اور اداکار منوج باجپائی کے سامنے پھوٹ پھوٹ کر رودیئے  جس پر  منوج نے انہیں گلے لگا کر دلاسا دیا اور جلد معاملات حل ہونے کا عندیہ دیا جب کہ منوج باجپائی نے بھی کپل شرما کے رونے کی دبے الفاظ میں تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ کپل شرما نشے میں دھت ہوکر سنیل گروور سے دوران پرواز الجھ پڑے تھے اور مغلظات بکیں تھیں جب کہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل نے سنیل کو جوتے سے بھی مارا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔