ملک میں شدید گرمی کی لہر، محکمہ موسمیات کا پیشگی اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017

 اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اس وقت ملک کے بیشتر علاقے شدید  گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور ملک بھر میں جاری بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے اور اب محکمہ موسمیات نے مزید گرمی کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 یا 3 روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرم اور خشک رہے گا۔ اور جو علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ان میں لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، شہید بےنظیرآباد، سبی اور ڈی آئی خان شامل ہیں۔

تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی عندیہ دیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سمندر میں نہاتے ہوئے 8 نوجوان ڈوب کر جاں بحق

محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے حوالے سے کہا ہے کہ اس وقت شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.5 اور درجہ حرارت 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور یہ درجہ 37 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ شہر میں سمندر کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے شہریوں نے گرمی سے بچنے کےلئے ساحل سمندر کا رخ کرلیا ہے تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب  کر مرجانے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرانتظامیہ کی جانب سے سختی کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔