ناقدین نے توپوں کا رخ پاکستانی ٹیم کی طرف کردیا

خوفزدہ نظرآئی(انضمام) عمرگل کا کیریئر روبہ زوال ہے(راشد)مصباح کو ہٹایا جائے، سرفراز


Sports Reporter February 19, 2013
خوفزدہ نظرآئی(انضمام) عمرگل کا کیریئر روبہ زوال ہے(راشد)مصباح کو ہٹایا جائے، سرفراز فوٹو :فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ناقدین کی توپوں کا رخ پاکستانی ٹیم کی طرف ہوگیا۔

سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق نے کہا کہ مصباح الیون دنیا کی بہترین سائیڈکے رعب و دبدبے کا شکار ہو گئی، وہ حریف کو زیر کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی تاہم ایسا لگاکہ ہمارے کھلاڑی میزبان ٹیم کے عالمی نمبر ون ہونے سے سخت خوفزدہ ہیں،ان پر یہ بات طاری ہے کہ دنیا کی بہترین سائیڈ مدمقابل ہے جسکے بولرز بہت ہی خطرناک ہیں، سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ نے کہا کہ ٹیم کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے جارحانہ انداز اختیار کرنا ہوگا، جب بیٹسمین وکٹ پر سیٹ ہوجائے تو اسے بولرز کو حاوی کرنے کے بجائے اسکورکرنا چاہیے، ٹیم کو جنوبی افریقہ کے سحر سے نکلنا ہوگا۔



سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا کہ ٹیم کو انجرڈ بولر جنید خان کی کمی محسوس ہوئی،اگر بیٹسمین مضبوط اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو بولرز پر سے دبائو بھی کم ہوجاتا، میزبان ٹیم کو کامیابی کیلیے مختصر ٹارگٹ ملا جبکہ محمدعرفان اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے تھے، تنویر احمد کی 18 ماہ کے طویل عرصے بعد واپسی ہوئی تھی، دوسری جانب عمر گل کا کیریئر روبہ زوال ہے، انھوں نے مصباح کو کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ انضمام کو بیٹنگ جبکہ وسیم اکرم اور وقار یونس کو بولنگ کے شعبے میں کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز نے سیریز میں شکست پرمصباح الحق کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے انھیں کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا، انھوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں نازک موڑ پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر مصباح نے ٹیم کو ناکامی دلادی،اگر وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے تو صورتحال مختلف ہوتی، انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم برصغیر کی وکٹوں سے مماثلت رکھنے والی پچ سے فائدہ نہ اٹھا سکی،انھوں نے حفیظ کو بطور بولر استعمال نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں