پاکستان کے بغیرکرکٹ کا حسن مکمل نہیں عبدالرزاق

انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے پی سی بی کے اقدامات لائق ستائش ہیں، سابق آل رائونڈر


Sports Reporter September 25, 2017
انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے پی سی بی کے اقدامات لائق ستائش ہیں، سابق آل رائونڈر فوٹو : فائل

KARACHI: سابق قومی آل رائونڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بغیر کرکٹ کا حسن مکمل نہیں ہوسکتا، پی سی بی کی طرف سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اقدامات قابل ستائش ہیں اور ان اقدامات کی بدولت اب آہستہ آہستہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بڑی مدد مل رہی ہے۔

میران شاہ میں کرکٹ میچ کا انعقاد ایک اچھی کاوش ہے جس سے دنیا میں واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، علاقائی کرکٹ کو بہتر بنانے اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے جاری اقدامات خاصے اثر انداز ثابت ہوئے ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹررانا نوید الحسن کے نام سے منسوب کرکٹ اکیڈمی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ زمبابوے کے بعد ورلڈ الیون کی پاکستان آمد سے ملک کے اندر انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے میں بڑی مدد مل رہی ہے۔

پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کے بغیر کرکٹ کا حسن مکمل نہیں ہوسکتا، پی سی بی کی طرف سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اقدامات قابل ستائش ہیں اور ان اقدامات کی بدولت اب آہستہ آہستہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بڑی مدد مل رہی ہے، پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے، کرکٹ بورڈ کو ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے، اس ضمن میں کرکٹ اکیڈمیوں کا قیام نیک شگون ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ کرکٹ کے فروغ کیلیے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے کیونکہ اس کھیل نے مجھے دولت، شہرت اور عزت سے نوازا، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے تلاش کرنے کیلئے گراس روٹ لیول پر کرکٹ اکیڈمیوں کا قیام ، کرکٹ کلبوں کی سرپرستی اور تعلیمی اداروں میں کرکٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس کیلیے میری خدمات کرکٹ بورڈ کیلیے حاضر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں کھلاڑی سے زیادہ اپنے ملک کے وقار، عزت و احترام ہر حال میں مقدم ہے جس نے ہمیں نام مقام اور عزت دی ہے، انھوں نے رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ شیخوپورہ جیسے ایک پسماندہ ضلع میں اتنی بڑی کرکٹ اکیڈمی کا قیام ایک حوصلہ افزا قدم ہے۔