پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی

ویب ڈیسک  پير 4 جنوری 2016
عمران خان اور طاہر القادری کو بھی عدالت میں پیش ہونا چاہیئے، کارکنوں کی دہائی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

عمران خان اور طاہر القادری کو بھی عدالت میں پیش ہونا چاہیئے، کارکنوں کی دہائی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں نامزد 103 ملزمان انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکن اپنے رہنماؤں پر برس پڑے اور انھیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کی خاطر ہم نے دھرنا دیا وہ اپنے گھروں میں سوئے ہوئے ہیں اور ہم عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں، یہاں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے، عمران خان اور طاہر القادری کو بھی عدالت میں پیش ہونا چاہیئے۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کا کوئی نمائندہ پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے تمام ملزمان کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر 2014 کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے کے دوران مشتعل کارکنوں نے پی ٹی وی کی عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ کی تھی اور عمارت پر قبضے کے بعد پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات بند کر دی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ دھرنے کے دوران کارکنوں کی جانب سے پارلیمنٹ پر بھی حملہ کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔