گورنر ہاؤس سندھ سے دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا، نہال ہاشمی

ویب ڈیسک  جمعـء 11 نومبر 2016
سعید الزماں صدیقی بطور گورنر سندھ کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے، نہال ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

سعید الزماں صدیقی بطور گورنر سندھ کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے، نہال ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ 14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمائندہ گورنرہاؤس بھیجا گیا لیکن آج گورنر ہاؤس سے دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔

گورنر ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) سعید الزماں اصولی انسان ہیں اور ان کا ماضی بے داغ ہے، نئے گورنر کے آنے سے نہ صرف صوبے کو پرامن بنانے میں مدد ملے گی بلکہ سعید الزماں صدیقی بطور گورنر سندھ کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف لوگوں نے پرویز مشرف دور میں گورنر ہاؤس میں ڈیرہ ڈالا تھا لیکن آج نوازشریف کے چاہنے والے گورنر ہاؤس میں ہیں، 14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمائندہ گورنرہاؤس بھیجا گیا، آج جمہوریت اورآئین کی پاسداری کی صحیح علامت گورنرہاؤس میں ہے، آج گورنرہاؤس سے پاکستان کونہ ماننے والوں اور دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعت مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سنیٹر نہال ہاشمی کا بیان حکومت یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کاموقف نہیں انہوں نے اپنی ذاتی رائے کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔