بھارت خلائی ٹیکنالوجی عسکری مقاصد کیلیے استعمال نہ کرے پاکستان

خلائی ٹیکنالوجی کے عسکری استعمال اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے خطے میں بگاڑ پیدا ہو، ترجمان دفتر خارجہ


News Agencies/Numainda Express January 12, 2018
خلائی ٹیکنالوجی کے عسکری استعمال اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے خطے میں بگاڑ پیدا ہو، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو:فائل

پاکستان نے کہاہے کہ بھارت خلائی ٹیکنالوجی کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال نہ کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں پاکستان میں تعینات سفیروں کو دفتر خارجہ میں بریفنگ دی جس میں انھیں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس کے گٹھ جوڑکے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان خطے کے حوالے سے امریکی اور مغربی پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے، امریکا نے جہاد کے فلسفے کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کیا جب کہ آج یہ خطرہ پھیل کرتمام اقوام کیلیے چیلنج بن چکاہے، انہوں نے کہا کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے دورہ بھارت سے آگاہ ہیں تاہم اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلیے تمام تراقدامات کر رہے ہیں اور متعلقہ حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت آج 31 سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے تاہم خلائی ٹیکنالوجی کے عسکری استعمال اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے خطے میں طاقت کے توازن میں بگاڑ پیدا ہو، انہوں نے واضح کیا کہ نئی دہلی سے مسئلہ کشمیر سمیت سیاچن، سرکریک اور دہشت گردی پر بھی مذاکرات کو تیار ہیں۔

مقبول خبریں