چیف جسٹس مہاجروں کے ساتھ ناانصافیوں کا بھی نوٹس لیں خالد مقبول

ہوسکتا ہے جلسے سے آخری خطاب میں کروں، ایم کیو ایم رہنما عامر خان


ویب ڈیسک May 05, 2018
کراچی کے ساتھ آج بھی ناانصافی ہورہی ہے تین کروڑ کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ دکھایا ہے، خالد مقبول (فوٹو: فائل)

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے ساتھ آج بھی ناانصافی ہورہی ہے تین کروڑ کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ دکھایا ہے، حلقہ بندیاں کم کردی گئیں چیف جسٹس ان ناانصافیوں کا نوٹس لیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ایف سی ایریا کے ٹنکی گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا جلسہ شروع ہوگیا ہے۔ ایم کیو ایم کے دونوں دھڑے اکٹھے ہوکر طاقت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار، ارکان رابطہ کمیٹی و ارکان اسمبلی عامر خان، وسیم اختر، خواجہ اظہار، فیصل سبزواری اور دیگر جلسے میں شریک ہیں

اپنے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی آبادی کم اور لاہور کی آبادی زیادہ دکھائی گئی، پشاور سے زیادہ پٹھان کراچی میں، لاہور سے زیادہ پنجابی کراچی میں، کوئٹہ سے زیادہ بلوچ یہاں آباد ہیں لیکن پھر بھی کراچی کی تین کروڑ کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ دکھایا جارہا ہے، جتنی حلقہ بندیاں ہونی تھیں انہیں بھی آدھا کردیا، ہماری شہریت پر سوال اٹھائے جارہے ہیں، ان ناانصافیوں کے خلاف چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ مہاجروں کے حقوق دلائے جائیں وہ ہمارے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا بھی نوٹس لیں۔

خالد مقبول نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے جلسے میں صرف نفرتیں پھیلائیں اور مقامی افراد کا جلسے میں ہی داخلہ بند کردیا، لیاقت آباد کراچی کا جھومر ہے۔

دریں اثنا ناراض رکن قومی اسمبلی کمال ملک اور رکن رابطہ کمیٹی قمر منصور بھی جلسہ میں شریک ہیں، خواجہ سہیل منصور نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ میں کامران ٹیسوری کے معاملے اور پارٹی تقسیم کی وجہ سے فاروق بھائی سے ناراض تھا، پارٹی تقسیم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے بعد میں اب فاروق بھائی اور خالد مقبول کے ساتھ کھڑا ہوں۔

یہ پڑھیں: ایم کیو ایم کرایہ پر لائے گئے لوگوں کا جلسے نہ کرے، پیپلز پارٹی

کامران ٹیسوری بھی جلسہ گاہ پہنچے اور اسٹیج کے بجائے کارکنوں میں جا کر بیٹھ گئے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میں ایک کارکن کی حیثیت سے جلسہ گاہ پہنچا ہوں۔

قبل ازیں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم میں اصلاحات اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے، ہم شہر میں عدم تشدد کی پالیسی پرکاربند رہیں گے، آج ایک تاریخی جلسہ ہوگا جس کا مقصد یکجہتی کو قائم کرنا ہے، ہمارا مقصد بڑا ہے جس کے سامنے عہدے کی کوئی حیثیت نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کیا تب بھی پانی کی ٹنکی خالی تھی اور اب بھی خالی ہے۔

ادھر ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ پارٹی آنے والے الیکشن میں کراچی کی تمام سیٹیں جیتے گی، شام میں پتا چل جائے گا کہ آج جلسے سے کون کون خطاب کرے گا، ہوسکتا ہے کہ آخری خطاب میں کروں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں