خلائی مخلوق اور نادیدہ قوت کے بیانات الیکشن کیلئے خطرہ ہیں سراج الحق

ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ حکمران نہیں بن سکتے کیونکہ امریکہ پسند نہیں کرتا، امیر جماعت اسلامی پاکستان


ویب ڈیسک May 06, 2018
علماء کرام قیادت کیلئے تیار ہو جائیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان فوٹو:فائل

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق اور نادیدہ قوت کے بیانات الیکشن کیلئے خطرہ ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چمکنی پشاور میں مدارس کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے خلائی مخلوق کا بیان دیا ہے جب کہ 2013 میں عمران خان نے نادیدہ قوت کا بیان دیا تھا، یہ دونوں بیانات الیکشن اور بیلٹ بکس کیلئے خطرہ ہیں، الیکشن کے بعد کون کس کا ساتھ دے گا یہ وقت بتائے گا، فاٹا میں پولیٹیکل ایجنٹ بادشاہ بنا ہوتا تھا، اب اس کی بادشاہت ختم ہو رہی ہے، اہل کفر نے تعلیمی اداروں، سیاست اور قیادت پر قبضہ کیا ہوا ہے، جبکہ ہماری سیاست حکومت کیلئے نہیں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ہے، آج عالم کفر اسلحہ اور ایٹم بم سے نہیں مدارس، مساجد اور علماء سے ڈرتا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ حکمران نہیں بن سکتے کیونکہ امریکہ پسند نہیں کرتا، علماء کرام قیادت کیلئے تیار ہو جائیں، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی بحالی سے بہت لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے، بجٹ میں دینی مدارس کیلئے کوئی پیسہ نہیں، اندھی بہری اور گونگی حکومت ہے، حکمرانوں نے ورلڈ بینک کا بجٹ پیش کیا، ملکی معیشت سود کے نظام پر قائم ہے، حکمرانوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہوا، مہنگائی بڑھی۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ عراق، شام، افغانستان اور لیبیا کے بعد عالم کفر کی نظریں پاکستان پر ہیں، افغانستان ایک ٹھکانہ ہے اور نشانہ پاکستان ہے، مغرب چاہتا ہے نام پاکستان ہو لیکن قبضہ ان کا ہو، ہم پہلے بھی مجاہد تھے اور اب بھی مجاہد ہیں، ہم جہاد پر فخر کرتے ہیں، اسے کوئی ختم نہیں کر سکتا، ہم نے چیف جسٹس کے ہاتھ میں کبھی قرآن نہیں دیکھا لیکن اسلامی حکومت قائم ہو گی تو عدالتی نظام اسلامی ہو گا، مظلوم کو انصاف ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں