ISLAMABAD:
مکہ سے مدینہ جانے والی زائرین کی بس بے قابو ہو کر پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 9 زائرین جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق الحجرہ روڈ پر مکہ سے مدینہ عمرہ زائرین کو لے جانے والی بس ڈارئیور کے قابو سے باہر ہو کر پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کے متاثرین کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
سعودی محکمہ شہری دفاع کے ترجمان خالد الساحلی کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم 6 زخمیوں کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ایشیائی ممالک ہے تاہم ابھی تک کسی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے رمضان المبارک میں زائرین کی بڑی تعداد عمرہ کے لیے سعودی عرب کا رخ کرتی ہے جس کے باعث اس ماہ حریمین شریفین میں غیر معمولی رش ہوتا ہے۔