ڈونلڈ ٹرمپ کا شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات کی بحالی کا عندیہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 مئ 2018
امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان طے شدہ ملاقات تعطل کا شکار ہے۔ فوٹو : فائل

امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان طے شدہ ملاقات تعطل کا شکار ہے۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ مثبت بات چیت جارہی ہے جو کامیاب رہی تو طے شدہ ملاقات 12 جون کو ہی ہو سکتی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان سنگاپور میں 12 جون کو ملاقات طے تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ ملاقات میں آنے والے تعطل کے خاتمے کے لیے مثبت اور تعمیری بات چیت جا ری ہے۔ اگر یہ گفت و شنید کامیاب رہی تو عین ممکن ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ سے ہونے والی ملاقات پہلے سے طے شدہ تاریخ 12 جون کو ہی ہوجائے گی تاہم اگر ضروری ہوا تو اس تاریخ کو آگے بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات 12 جون کو طے تھی لیکن گزشتہ ہفتے امریکی صدر نے شمالی کوریا کی جانب سے شرائط پر عمل نہ کرنے کے باعث ملاقات کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔ جس پر شمالی کوریا نے ملاقات کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔