عمان سے سمندری طوفان ٹکرا گیا، 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 مئ 2018
کئی علاقے زیر آب آگئے اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، تعلیمی ادارے و کاروباری مراکز بند فوٹو: اے ایف پی

کئی علاقے زیر آب آگئے اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، تعلیمی ادارے و کاروباری مراکز بند فوٹو: اے ایف پی

مسقط: بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان عمان سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان میکونو عمان سے بھی ٹکرا گیا جس سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
متاثرہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔

طوفان کے باعث ملک میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں اور تعلیمی ادارے و کاروباری مراکز بند کردیے گئے ہیں۔

عمان سے ٹکرانے کے بعد میکونو طوفان کیٹیگری 3 میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں اور موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔

https://twitter.com/buitengebieden/status/1000079474086596613

کئی علاقے زیر آب آگئے اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے جبکہ پورے ملک کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام اور پٹرول نایاب ہوگیا ہے۔

عمان کے سلالہ ایئر بیس میں بھی پانی بھر گیا ہے اور سول ڈیفنس سینٹر کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔ عمان کی حکومت نے ساحل پر ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے ملک کے دوسرے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 24 گھنٹے کیلیے بند کردیا ہے۔

واضح رہے کہ میکونو طوفان سے گزشتہ روز یمن میں 19 افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔