ایم کیوایم پاکستان نے الیکشن کی تیاری اور انتخابی مہم کا آغاز کردیا

یکم جولائی سے کارنر میٹنگ ، عوامی رابطے ، جلسے اور ریلیاں کراچی سمیت سندھ بھر میں نکالی جائیں گی۔


ویب ڈیسک June 29, 2018
کراچی میں کسی نشست پر کسی بھی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں ہوسکتی، ایم کیوایم : فوٹو : فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الیکشن کی تیاری اور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے انتخابات 2018 کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور انتخابی مہم کا آغاز بھی کردیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا مرکزی الیکشن سیل عارضی مرکز بہادر آباد میں قائم کردیا ہے جس کا نگراں انچارج حمید الظفر کو مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن سیل میں ہر امیدوار کے حلقے ، کل آبادی ، ووٹرز کی تعداد اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ایم کیو ایم نے مرکزی الیکشن سیل کے علاوہ 6 اضلاع میں ، ٹاؤن اور یوسی کی سطح پر بھی الیکشن افس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم نے کراچی سمیت اندرون سندھ میں ہر قومی و صوبائی اسمبلی کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں اور کمیٹیوں کو این اے اور پی ایس کمیٹیوں کا نام دیا گیا ہے، کمیٹیوں میں مرکزی الیکشن سیل ، رابطہ کمیٹی کے اراکین ، شعبہ جات ، خواتین ونگ اور ٹاؤن کے ذمہ داران شامل ہوں گے اور تمام ذمہ داران ، رابطہ کمیٹی ، شعبہ جات ، الیکشن سیل اور امیدواروں کو علاقوں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ایم کیو ایم قیادت کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے کارنر میٹنگ ، عوامی رابطے ، جلسے اور ریلیاں کراچی سمیت سندھ بھر میں نکالی جائیں گی، کراچی کی کسی نشست پر کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں ہوسکتی تاہم اندرون سندھ اس حوالے سے راستہ کھلا ہے۔

 

مقبول خبریں