سعودی عرب تیل پیداوار بڑھانے پر آمادہ ہوگیا، امریکی صدر

خبر ایجنسی  اتوار 1 جولائی 2018
قیمتیں بہت زیادہ ہیں، ٹرمپ کا ٹوئٹ، اوپیک پہلے ہی پیداواربڑھانے کی منظوری دے چکی۔ فوٹو: فائل

قیمتیں بہت زیادہ ہیں، ٹرمپ کا ٹوئٹ، اوپیک پہلے ہی پیداواربڑھانے کی منظوری دے چکی۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ان کی پیداوار بڑھانے کی درخواست سے اتفاق کرلیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ سعودی عرب کے شاہ سلمان سے ابھی بات کی اور انھیں بتایا کہ ایران اور وینزویلا میں افراتفری اور غیرفعالیت کی وجہ سے میں چاہتا ہوں کہ سعودی عرب تیل کی پیداوار میں20لاکھ بیرل تک اضافہ کرے تاکہ فرق پورا کیا جا سکے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں کہاکہ قیمتیں بہت زیادہ ہیں اور انھوں نے اس سے اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے حالیہ مہینوں میں ٹوئٹر کے ذریعے اوپیک پر بار بار تنقید کی اور اپنے اتحادی ریاض پر پیداوار بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالا کیونکہ وہ نومبر میں وسط مدتی کانگریسی انتخابات سے قبل ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنا چاہتے ہیں تاہم ان کے حالیہ ریمارکس اوپیک کے وزرائے توانائی کے اجلاس سے ایک ہفتے بعد منظرعام پر آئے ہیں۔

ویانا اجلاس میں اوپیک نے جولائی سے پیداوار بڑھانے پر اتفاق کیاتھا، نان اوپیک پروڈیوسر روس نے بھی اوپیک کے فیصلے کی حمایت کردی ہے۔ وزرا نے جولائی سے 10لاکھ بیرل کے قریب پیداوار بڑھانے کااعلان کیا۔

سعودی وزیر توانائی خالد الفلیح نے اس وقت صحافیوں کو بتایا تھا کہ میرے خیال میں اضافی طلب کو پورا کرنے کے لیے یہ نمایاں کردار ادا کرے گا اور یہ (اضافہ) رواں سال کی دوسری ششماہی سے ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔