محکمہ تعلیم اقلیتی اساتذہ کیلئے5فیصد کوٹہ مختص

سندھ میں شعبہ تعلیم میں پہلی بار اساتذہ کی مجموعی نشستوں پر اقلیتوں کا 5 فیصد کوٹہ مقرر کردیا گیا.


Safdar Rizvi May 22, 2013
خواتین امیدواروں کو مزید 20 نمبر دینے کا فیصلہ،2 فیصد کوٹہ معذوروں کیلیے مختص،60فیصد نمبر حاصل کرنیوالے امیدواروں سے دستاویزات طلب کرلی گئیں. فوٹو: وکی پیڈیا

صوبائی محکمہ تعلیم نے کراچی سمیت سندھ میں اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں پہلی بار اقلیتوں کا کوٹہ مقررکردیا ہے۔

اسکول اساتذہ کی مجموعی خالی نشستوں پر5 فیصدکوٹہ اقلیتوں کودیاجائے گاجس کافوری اطلاق این ٹی ایس پاس کرنے والے جے ایس ٹی (جونیئر اسکول ٹیچر)، پی ایس ٹی (پرائمری اسکول ٹیچر) اور ایچ ایس ٹی (ہائی اسکول ٹیچر) امیدواروں کی بھرتیوں پرہوگا مزید براں صنف کی بنیاد پرخواتین امیدواروں کومزید20 نمبر دینے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔

جس سے مخلوط نظام تعلیم (کو ایجوکیشن) کے حامل اسکولوں میں مرد امیدواروں کا میرٹ متاثر ہوگا متعلقہ فیصلے سے ریفارم سپورٹ یونٹ نے سندھ کے اضلاع کے ڈائریکٹراسکولز کومنعقدہ اجلاس میں آگاہ کردیا ہے ''ایکسپریس''کوصوبائی محکمہ تعلیم کے ایک افسرنے بتایاکہ سندھ میں اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں روایتی طور پر2فیصدکوٹہ این ٹی ایس پاس کرنے والے معذور امیدواروں کو دیا گیا ہے جبکہ محکمے نے مجموعی نشستوں کا 5 فیصد اقلیتی امیدواروں کو دینے کی ہدایت کی ہے۔

این ٹی ایس پاس کرنے والی خواتین امیدواروں کوصنف کی بنیاد پر20 اضافی نمبردیے جانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے اورخواتین امیدواروں کی میرٹ لسٹ ان کے نتائج میں20 اضافی نمبر شامل کرنے کے بعد بنائی جائے گی،امیدواروں کو بوائز اسکول ،گرلز اسکول اورگرلز اینڈ بوائز کوایجوکیشن اسکول کی تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔



20 فیصد اضافی نمبرکے فیصلے سے مخلوط نظام تعلیم کے حامل اسکولوں میں مرد امیدواروں کا میرٹ متاثر ہوگا، واضح رہے کہ کراچی میں پرائمری اسکول ٹیچرزکی 1050جبکہ جونیئر اسکول ٹیچرز کی 1250اسامیاں ہیں جن میں سے جونیئر اسکول ٹیچرز سائنس کی670 اور جونیئر اسکول ٹیچرز جنرل کی580 اسامیاں اور ہائی اسکول ٹیچرز کی79اسامیاں ہیں۔

دریں اثنا ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن کراچی نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام امیدوارجنھوں نے جونیئر اسکول ٹیچراور پرائمری اسکول ٹیچر کے امتحان میں شرکت کی اور 60 فیصد یا زائد نمبر حاصل کیے انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تمام متعلقہ دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول کی دو فائلیں 28 مئی تک جمع کرادیں ۔

جونیئر اسکول ٹیچر میل اور جونیئر اسکول ٹیچر فیمیل کی دستاویزات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس سکینڈری میل بولٹن مارکیٹ جبکہ پرائمری اسکول ٹیچر میل اورفیمیل کی دستاویزات متعلقہ ٹاؤن کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس اور فیمیل میں جمع ہونگی مزید معلومات کے لیے جونیئر اسکول ٹیچر اور پرائمری اسکول ٹیچر کیامیدوار فون نمبر 021-99217261 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں