ایشین فٹسال ایونٹ میں پاکستان کو میزبانی مل گئی

12 تا 16دسمبرتک اسلام آباد میں شیڈول، 7 ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کردی، چیئرمین ملک مہربان علی


Sports Reporter September 25, 2018
12 تا 16دسمبرتک اسلام آباد میں شیڈول، 7 ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کردی، چیئرمین ملک مہربان علی۔ فوٹو: فائل

ایشین فٹسال چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان کومل گئی۔

پاکستان فٹسال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی نے بتایا کہ ایونٹ رواں سال دسمبر میں وفاقی دارالحکومت میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان پاکستان سمیت ایشیا کی 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں جن میں بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، تھائی لینڈ، سری لنکا، ملائیشیا، ترکی، چائنیز تائپے، سنگاپور، افغانستان اورمتحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

ملک مہربان علی نے کہاکہ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اوراختتامی تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بطورمہمان خصوصی دعوت دی جائیگی، چیمپئن شپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں ہوگی، جس میں ٹیمیں مارچ پاسٹ کے علاوہ گلوکار اورفنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ملک مہربان علی نے کہا کہ ابھی تک 7 ممالک نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے کی تصدیق کردی ہے جن میں متحدہ عرب امارات، پاکستان، ترکی، نیپال، بنگلہ دیش، چائنیز تائپے اورافغانستان شامل ہیں، ایونٹ کیلیے مختلف کمیٹیاں چند روزمیں تشکیل دے دی جائیں گی، انھوں نے کہا کہ ایشین فٹسال چیمپئن شپ 12 سے 16 دسمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی، غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد 8 دسمبر سے شروع ہوگی، سیمی فائنل 15 دسمبر جبکہ فائنل 16 دسمبر کوشیڈول ہے۔

مقبول خبریں