لاپتہ صحافی جمال خشگوی کو استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا، ترک حکام

ویب ڈیسک  اتوار 7 اکتوبر 2018
صحافی منگل کے روز سعودی سفارت خانے گئے تھے اور پھر واپس نہیں لوٹے۔ فوٹو : واشنگٹن پوسٹ

صحافی منگل کے روز سعودی سفارت خانے گئے تھے اور پھر واپس نہیں لوٹے۔ فوٹو : واشنگٹن پوسٹ

استنبول: ترک حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ استنبول میں سعودی قونصل خانے میں لاپتہ ہوجانے والے واشنگٹن پوسٹ کے سعودی صحافی کو قتل کردیا گیا ہے۔

ترکی کے اہم حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واشنگٹن پوسٹ اور رائٹرز کو بتایا ہے کہ سعودی صحافی جمال خشگوی کو استبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور برطانوی نشریاتی ادارے کے رابطہ کرنے پر بھی ترکی کے حکام نے صحافی کے قتل ہوجانے کے خدشے کا اظہار کیا ہے تاہم سعودی حکومت نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

ترکی میں مقیم سعودی صحافی جمال خشگوی واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرتے ہیں۔ سعودی شاہی خاندان کے سخت ناقد جمال خشگوی 5 روز قبل استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے لیکن تاحال واپس نہیں لوٹے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : واشنگٹن پوسٹ نے لاپتا سعودی صحافی سے اظہار یکجہتی کیلیے ’خالی کالم‘ چھاپ دیا

سعودی صحافی کے ہمراہ قونصل خانے جانے والی منگیتر کو دروازے پر ہی روک کر انتظار کرنے کا کہا گیا تھا اور جمال خشگوی کا موبائل بھی باہر رکھ لیا گیا تھا۔

کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جمال خشگوی باہر نہ آئے تو اُن کی منگیتر نے قونصل خانے کے عملے سے تشویش کا اظہار کیا لیکن کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا گیا جس کے بعد خاتون نے استنبول پولیس سے رجوع کیا۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنے لاپتہ سعودی صحافی سے اظہار یکجہتی کے لیے دو روز قبل اخبار میں اُن کا خالی کالم بھی چھاپا تھا تاکہ دنیا کو واقعہ کی سنگینی اور حساسیت کا اندازہ ہو سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔