ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شاندار تاریخ کے حوالے سے ویڈیو جاری

میاں اصغر سلیمی  جمعرات 8 نومبر 2018
پاکستان نے اب تک چار بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیاہے فوٹو: فائل

پاکستان نے اب تک چار بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیاہے فوٹو: فائل

LAOWR / لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کی اب تک کے ورلڈ کپ میں شاندار تاریخ کے حوالے سے تفصیلی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے جس کے آغاز میں ہی وزیراعظم پاکستان عمران خان کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا پیٹرن چیف دکھایا گیا ہے۔

ورلڈکپ کے انعقاد کا آئیڈیا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر ائیر مارشل نور خان کا تھا، پاکستان ہاکی ٹیم کو اب تک چار بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، گرین شرٹس نے بارسلونا میں 1971 میں شیڈول پہلے عالمی کپ میں میزبان اسپین کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے زیر کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، اس کے بعد بھی قومی ہاکی ٹیم کی فتوحات کا سفر رکا نہیں بلکہ گرین شرٹس نے مزید 3 بار ورلڈ کپ جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے کا سلسلہ جاری رکھا۔یہ اعزازات پاکستان نے بیونس آئرس ورلڈ کپ 1978، ممبئی ورلڈ کپ 1982اور سڈنی ورلڈ کپ 1994 میں حاصل کئے تھے۔

قومی ٹیم کو اب تک 2بار عالمی کپ میں چاندی کا تمغہ بھی جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ، یہ اعزازات پاکستان نے 1975 اور 1990 کے ورلڈ کپ کے دوران حاصل کئے تھے تاہم بعد میں پاکستانی ٹیم شکتستوں کے بھنور میں اس طرح پھنسی کہ تاریخ میں پہلی بار ہیگ ورلڈ کپ 2014میں عالمی کپ میں شرکت سے بھی محروم ہو گئی۔ اب پاکستانی ٹیم آٹھ سال کے طویل عرصہ کے بعد رواں ماہ بھارتی شہر بھونیشیور میں شیڈول ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی تو کر چکی ہے تاہم مالی مسائل کے باعث اس کی میگا ایونٹ میں تاحال شرکت مشکوک ہے۔ حکومت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کو فنڈز دینے سے معذرت کر لی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔