بلوچستان عوامی پارٹی نے پی بی 47 کا ضمنی انتخاب جیت لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 7 دسمبر 2018
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔  فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

کیچ: بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 کیچ کے ضمنی الیکشن  کا میدان بی اے  پی نے مار لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل ختم  ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل کرلی گئی، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالرشید 7088 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل بی این پی کے جمیل احمد دشتی نے 5758 ووٹ حاصل کئے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نتائج کو مشکوک قرار دیا ہے،  ملک نصیر شاہوانی  نے کہا کہ کیچ ضمنی الیکشن میں 56پولنگ اسٹیشنز پر بی این پی جیت چکی تھی تاہم حساس 4 حلقوں کے رزلٹ میں بی اے پی کو سات ہزار سے زائد ووٹ ملے ہیں۔

قبل ازیں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا اور اس دوران ووٹرز نے اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں حق رائے دہی استعمال کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں موجود تمام 60 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا جب کہ عوامی شکایات درج کرانے کے لئے سیل بھی بنایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔