ایک دن ورزش کے اثرات کئی دن تک برقرار رہتے ہیں

ایک مرتبہ کی ورزش سے شوگر اور بھوک میں کمی اور دماغی کیفیت میں بہتری دو دن برقرار رہتی ہے


ویب ڈیسک December 07, 2018
ایک مرتبہ ورزش کے اثرات کئی روز تک برقرار رہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ورزش کے فائدے ہر کوئی جانتا ہے لیکن ورزش کے بارے میں ایک خبر یہ آئی ہے کہ صرف ایک دفعہ کی ورزش بھی اگلے چند روز تک جسم پر مثبت اثرت مرتب کرتی رہتی ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق ایک دن کی ورزش سے اگلے دو دن تک خون میں گلوکوز کی سطح برقرار رہتی ہے، جسم میں میٹابولزم (استحالے) کا عمل اچھا ہوتا ہے اور دماغی سرکٹ سرگرم رہتا ہے۔ اگر ورزش کرنے والے ذیابیطس کے مریض ہیں تو ایک مرتبہ ورزش بھی ان پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔

ڈیلاس میں واقع ٹیکساس ساؤتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے اعصابی ماہر ڈاکٹر کیون ولیمز اس کےلیے چوہوں پر تحقیق کی ہے اور ایک مرتبہ کی ورزش سے ان کے دماغ میں دو اقسام کے نیورونز کا جائزہ لیا ہے۔

اگرچہ ماہرین اس سے قبل فاقے اور ڈائیٹنگ کے دماغ پر اثرات نوٹ کرتے رہے ہیں لیکن جسمانی ورزش کا نیورون پر اثر کا مطالعہ پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے چوہوں کو ایک ہی روز تین مرتبہ مسلسل 20 منٹ تک دوڑایا۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ اس سے بھوک بڑھانے والے نیورون کم ہوئے اور اس کا اثر دو روز تک برقرار رہا۔

اسی طرح نوٹ کیا گیا کہ اگر زیادہ دیر ورزش کی جائے تو اس کے اثرات اتنے ہی روز تک جاری رہتے ہیں۔ دوسری جانب چوہوں کی بھوک میں کمی ہوئی اور ان کے خون میں شکر کی مقدار بھی کم دیکھی گئی ۔ یہ حیرت انگیز اثرات دو دن تک برقرار رہے جو ورزش کرنے والوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری پرانی معلومات کے مقابلے میں ورزش انسانی دماغ پر قدرے زیادہ مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ اسی لیے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ورزش کئی روز تک مفید ثابت ہوسکتی ہے اور اس کے بہتر طبی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔

اسی لیے سائنسداں ورزش کو صحت کے لیے عمدہ ترین عمل قرار دیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے