اداکار شاہد کپور معدے کے کینسر میں مبتلا؟

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
شاہد کپور کو معدے کے اسٹیج ون کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، میڈیا میں گردش کرنے والی افواہیں فوٹوفائل

شاہد کپور کو معدے کے اسٹیج ون کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، میڈیا میں گردش کرنے والی افواہیں فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار عرفان خان اورسونالی بیندرے کے بعد اب بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار شاہد کپور کے بارے میں بھی افواہیں گردش کررہی ہیں کہ وہ معدے کے کینسر میں مبتلا ہیں۔

’جب وی میٹ‘،’حیدر‘ اور اڑتا پنجاب‘ جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے 37 سالہ اداکار شاہد کپور سے متعلق بھارتی میڈیا میں افواہیں گردش کررہی ہیں کہ شاہد کپور (اسٹمک کینسر) معدے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں اسٹیج ون کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

گزشتہ روز میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں شاہد کپور فلم ’کبیر سنگھ‘ کی شوٹنگ ادھوری چھوڑ کر سرجری کرانے دہلی روانہ ہوئے ہیں یہ خبر سامنے آنے کے بعد ہی ان کے کینسر کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور شاہد کے مداح تشویش کا شکار ہوگئے۔

تاہم اداکار شاہد کپور کے گھر والوں نے اُنہیں کینسر ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کچھ لوگ کیسے یہ سب لکھ سکتے ہیں؟ آخر اس خبر کی بنیاد کیا ہے؟ اس طرح کی افواہیں پھیلانے کو کس طرح سے جائز ٹھہرایا جاسکتاہے؟‘

دوسری جانب اداکار شاہد کپور نے حال ہی میں اپنی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں وہ  دونوں خوشگوار موسم کو انجوائے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور بالکل صحت مند ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار عرفان خان اورسونالی بیندرے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں دونوں کا علاج جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار رشی کپور کو بھی کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کا علاج کرانے کے لیے وہ نیویارک میں مقیم ہیں تاہم انہوں نے کینسر کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔