نواز شریف اور آصف زرداری کا اب سیاست میں کوئی حصہ نہیں، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  منگل 11 دسمبر 2018
اوورسیز پاکستانی ایک فون اپنے ساتھ لاسکتے ہیں تاہم اضافی فون لانے پر ٹیکس عائد ہوگا، فواد چوہدری کی ٹوئٹ فوٹوفائل

اوورسیز پاکستانی ایک فون اپنے ساتھ لاسکتے ہیں تاہم اضافی فون لانے پر ٹیکس عائد ہوگا، فواد چوہدری کی ٹوئٹ فوٹوفائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے اپنا آخری الیکشن لڑ لیا اب ان کا سیاست میں کوئی حصہ نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ہمارے لیے سیاسی چیلنج نہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے اپنا آخری الیکشن لڑ لیا، اب ان کا سیاست میں کوئی حصہ نہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری بغیر محنت کے اقتدار میں آئے جب کہ عمران خان کی 22 سال کی جدوجہد ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم مدینہ کی ریاست کے تخیل پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں پر شک نہیں کیا جاسکتا، ماضی میں وزیر بننے والے صرف پروٹوکول انجوائے کرتے تھے لیکن اب تمام وزارتوں نے اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی ہے اخراجات میں کمی سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔ نوازشریف کے لندن علاج پر4 کروڑ سے زائد قومی خزانے سے خرچ ہوئے کیا انہیں اپنےعلاج کے لئے قومی خزانے کی ضرورت تھی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون لانے کے حوالے سے کہا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ایک فون اپنے ساتھ لاسکتے ہیں تاہم اضافی فون لانے پر ٹیکس عائد ہوگا۔ ہم دو ارب ڈالر کے موبائل درآمد کررہے ہیں اس پر ٹیکس نہیں کریں گے تو کیسے چلے گا؟

فواد چوہدری نے مزید کہا 60 ڈالر سے کم قیمت کے فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے مہنگے فون پر 38 فیصد ٹیکس ہے اس سے زیادہ مناسب ٹیکسیشن کیا ہوگی۔ ٹیکس کلچر اپنانا ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔