پاکستان پی ایس ایل کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی ملک میں ہی میزبانی کا خواہش مند

محمد یوسف انجم  پير 17 دسمبر 2018
کرکٹ آسٹریلیا  نے سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان بجھوانے کا عندیہ دیا ہے

کرکٹ آسٹریلیا نے سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان بجھوانے کا عندیہ دیا ہے

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان سپر لیگ کے بعد مارچ میں آسٹریلوی ٹیم کی میزبانی کا خواہش مند ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 19 مارچ سے یو اے ای میں 5 میچز کی سیریز طے ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ کوشش ہے کہ 17 مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے بعد 19 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے پہلے 2 میچز کراچی میں آسٹریلوی ٹیم کھیلے۔

ذرائع کے مطابق چند ہفتے پہلے کرکٹ آسٹریلیا سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان بجھوانے کا عندیہ دیا تھا، اب پاکستان کرکٹ بورڈ حکام اس پر مزید پیشرفت ہونے کے لیے پرامید ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم نے آخری بار 1998 میں مارک ٹیلر کی قیادت میں دورہ کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان میں موجود آسٹریلین ہائی کمیشن نے بھی پاکستان کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر اپنی رپورٹ بھجوانی ہے جو آسٹریلوی ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہوگی۔ اس حوالے سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے پی سی بی کی ایک تقریب میں سیکیورٹی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ وہ اپنی حکومت کو رپورٹ دے سکتی ہیں تاہم ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ حکومت اور کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔